بالی ووڈ کی معروف اور منجھی ہوئی اداکارہ تبو نے فلم انڈسٹری میں خواتین اداکاراؤں کو درپیش مشکلات اور عمر سے جڑے تعصبات پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
54 سالہ اداکارہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ بالی ووڈ میں اکثر اداکارہ کی صلاحیت کے بجائے اس کی عمر کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، جو ایک غیر منصفانہ رویہ ہے۔ ان کے مطابق انڈسٹری میں خواتین پر مسلسل یہ دباؤ ہوتا ہے کہ وہ اپنی عمر کو لے کر محتاط رہیں اور خود کو مخصوص انداز میں پیش کریں۔تبو نے طنزیہ انداز میں کہا کہ لوگ آپ کی عمر کے بارے میں آپ سے زیادہ فکر مند ہوتے ہیں اور ایسا محسوس کراتے ہیں جیسے آپ نے کبھی آئینہ دیکھا ہی نہ ہو۔ ان کے مطابق عمر ایک دن میں نہیں بڑھتی بلکہ یہ زندگی کا قدرتی عمل ہے، جسے قبول کرنا چاہیے۔اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ فلم انڈسٹری میں خواتین کو اکثر یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ اگر وہ کسی پروجیکٹ کا حصہ نہ بننا چاہیں تو اصل وجہ ظاہر کرنے کے بجائے بہانے بنا لیں، تاہم وہ خود اس رویے کے خلاف ہیں اور واضح بات کرنا پسند کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں کوئی کہانی پسند نہ آئے تو وہ صاف کہہ دیتی ہیں کہ وہ اس پروجیکٹ کا حصہ نہیں بن سکتیں۔
تبو نے کہا کہ خواتین اداکاراؤں کو اکثر بات چیت اور پیشہ ورانہ معاملات میں زیادہ محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، جو ان کے مطابق ایک غیر ضروری دباؤ ہے۔واضح رہے کہ تبو کی حالیہ فلم ’بھوت بنگلا‘ ریلیز ہو چکی ہے، جبکہ وہ جلد ہی نگرانجنا اککینی کی 100ویں فلم ’کنگ100‘ کی شوٹنگ میں حصہ لیں گی۔ اس فلم میں بالی ووڈ میں خواتین کی جدوجہد اور ان کے ساتھ ہونے والے معیار کے سخت رویوں کو موضوع بنایا گیا ہے۔