ان پیڈ چالان مقررہ مدت کے بعد فوری طور پر عدالتی حکام تک پہنچائے جائیں:ندیم عباس
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی ٹریفک پنجاب سید ندیم عباس کی زیر صدارت صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز کے ساتھ ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں تمام اضلاع کے ڈی ٹی اوز نے شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق کانفرنس میں چار نکاتی اہم ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایس ایس پی ٹریفک پنجاب سید ندیم عباس نے ہدایت کی کہ ان پیڈ چالان مقررہ مدت کے بعد فوری طور پر عدالتی حکام تک پہنچائے جائیں جبکہ تمام اضلاع میں عدالتی چالانوں کی پیڈنسی زیرو ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لائسنسنگ سہولیات اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے اور شہریوں کو صاف شفاف نظام کے تحت ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں۔انہوں نے تمام اضلاع میں ٹریفک قوانین کے سو فیصد نفاذ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ اور لین لائن کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ایس ایس پی ٹریفک پنجاب نے ٹرانسفر پوسٹنگ سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے عرصہ دراز سے دفاتر میں تعینات عملے کو تبدیل کرنے اور میرٹ و قابلیت کی بنیاد پر نئی تعیناتیاں کرنے کا حکم بھی دیا۔سید ندیم عباس نے کہا کہ تمام اضلاع کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جائے گی جبکہ سات روز بعد کارکردگی رپورٹ جاری کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران کے خلاف سرزنش کی جائے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنایا جائے اور مثالی ٹریفک نظام نافذ کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔ آخر میں ایس ایس پی ٹریفک پنجاب نے تمام ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران کو محنت، دیانتداری اور فرض شناسی سے محکمہ پولیس کا نام روشن کرنے کی تلقین کی۔