میکرون اور اہلیہ کے تنازع سے متعلق نئی کتاب میں حیران کن دعوے

میکرون اور اہلیہ کے تنازع سے متعلق نئی کتاب میں حیران کن دعوے

ایک نئی فرانسیسی کتاب میں صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ بریجیٹ میکرون سے متعلق حیران کن دعوے سامنے آئے ہیں، جنہوں نے فرانس میں سیاسی اور میڈیا حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔

فرانسیسی صحافی فلوریان تاردیف کی کتاب “Un Couple (Presque) Parfait” میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مبینہ طور پر صدر میکرون اور ایک ایرانی نژاد اداکارہ کے درمیان کئی ماہ تک رابطہ رہا، اور ان کے درمیان نجی نوعیت کے پیغامات کا تبادلہ بھی ہوتا رہا۔ کتاب کے مطابق بعض مبینہ میسیجز میں میکرون نے اداکارہ کو “بہت خوبصورت” بھی کہا تھا۔کتاب میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ جب بریجیٹ میکرون نے اپنے شوہر کے فون پر یہ مبینہ پیغامات دیکھے تو دونوں کے درمیان تلخ صورتحال پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک واقعے کے دوران بریجیٹ میکرون نے مبینہ طور پر انہیں تھپڑ مارا۔تاہم ان تمام دعوؤں کو متعلقہ فریقین نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ بریجیٹ میکرون کے نمائندے نے کہا ہے کہ اہلیہ صدر میکرون کا فون کبھی چیک نہیں کرتیں، لہٰذا اس نوعیت کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

اسی طرح کتاب میں ذکر کی گئی ایرانی نژاد اداکارہ نے بھی ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اور صدر میکرون کے درمیان کسی قسم کے نامناسب یا ذاتی تعلقات کی باتیں درست نہیں ہیں اور یہ سب محض قیاس آرائیاں ہیں۔واضح رہے کہ صدر میکرون سے منسوب ایک اور واقعہ 2025 میں ویتنام کے دورے کے دوران پیش آیا تھا، جب جہاز سے اترتے وقت بریجیٹ میکرون نے مبینہ طور پر ان کے چہرے کو ہاتھ سے ہٹایا تھا۔ اس وقت ایوانِ صدر نے اس واقعے کو “غلط انداز میں پیش کیا گیا ایک غیر سنجیدہ لمحہ” قرار دیا تھا۔تجزیہ کاروں کے مطابق اس نئی کتاب نے فرانسیسی سیاست میں ایک بار پھر صدر میکرون کی نجی زندگی کو بحث کے مرکز میں لا کھڑا کیا ہے، تاہم تاحال ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔