پاک چین ڈیجیٹل راہداری سے ر روزگار کے نئے مواقع ملیں گے:اسحاق ڈار

اسلام آباد(آئی این پی )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر  اسحاق ڈار نے کہا ہے  پاکستان اور چین کی دوستی اب روایتی تعاون سے آگے بڑھ کر ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے نئے دور میں داخل ہو رہی ہے جبکہ پاکستان خطے میں ڈیجیٹل سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کا اہم مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے،پاک چین ڈیجیٹل راہداری سے تعاون اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ ان خیالات کااظہار انہوںن ے  اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت، فاصلے اور حالات سے بالاتر ایک مضبوط تعلق ہے، جس نے کئی دہائیوں سے دونوں ممالک کو ترقی، رابطہ سازی، تجارت، توانائی اور عوامی روابط کے شعبوں میں ایک دوسرے کے قریب رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی پی آئی ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹرز کا آغاز دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اور اہم سنگ میل ہے، جو ڈیجیٹل رابطہ کاری، جدت اور مستقبل کی معیشت کی جانب مشترکہ پیش رفت کی علامت ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ مشکل اوقات میں چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، جبکہ سی پیک منصوبوں نے پاکستان کے توانائی اور رابطہ نظام میں نمایاں بہتری پیدا کی، ان کے مطابق پاکستان اور چین کا تعلق صرف تعاون نہیں بلکہ حقیقی برادرانہ رشتہ ہے