غزہ میں قحط کا سنگین خطرہ، 5لاکھ افراد فاقہ کشی کا شکار

دنیا غزہ میں قحط کے اعلان کا انتظار نہ کرے، خوراک کی کمی سے فلسطینیوں کی اموات ہو رہی ہیں،عالمی ادارہ صحت
نیویارک (آئی این پی)سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس کے علاوہ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ دنیا غزہ میں قحط کے اعلان کا انتظار نہ کرے، خوراک کی کمی اور بنیادی ضروریات نہ ملنے سے فلسطینیوں کی اموات شروع ہو چکی ہیں۔دنیا بھر میں بھوک کی صورتحال پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کی پوری آبادی شدید فاقہ کشی کا شکار ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں پانچ لاکھ افراد شدید فاقہ کشی کا شکار ہیں اور ستمبر کے آخر تک قحط پڑنے کا سنگین خطرہ موجود ہے۔عالمی سطح پر خوراک کی نگرانی کرنے والے ادارے نے رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ میں غذائی حالات اکتوبر 2023کے بعد سے شدید بگڑ چکے ہیں، اور 2.1ملین افراد انتہائی شدید غذائی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔