اسلام آباد(آن لائن)پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ کے اشتعال انگیز اور بے بنیاد بیان کو مسترد کر دیاہے اور کہا ہے کہ بھارتی بیان غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہے‘بھارت خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے اور پاکستان میں ریاستی سرپرستی والے دہشت گردی میں ملوث ہے۔ایک بیان میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ریاست ہے، تمام ادارے قومی سلامتی کے ضامن ہیں۔ مئی 2025 کے تنازع میں پاکستانی افواج نے پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم ثابت کیا۔کوئی پروپیگنڈا پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو کمزور نہیں کر سکتا۔ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ بھارت کی قیادت پاکستان کے اداروں کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہی ہے‘ بھارت خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے اور پاکستان میں ریاستی سرپرستی والے دہشت گردی میں ملوث ہے‘بھارتی قیادت کا اشتعال انگیز رویہ امن و استحکام سے دوری ظاہر کرتا ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ بھارت کو پاکستان پر الزام تراشی کے بجائے ہندوتوا انتہاپسندی کی تحقیقات کرنی چاہیے۔بھارت میں ہندوتوا نظریے نے ماورائے عدالت قتل، جبر اور مذہبی امتیاز کو جنم دیا ہے۔پاکستان ہمسائیوں سے امن، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔پاکستان اپنی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحد اور پُرعزم ہے۔