اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رئوف حسن اور بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا اور دونوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ گزشتہ روز عدالت نے رئوف حسن کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی قرار دے دیا۔جسٹس انعام امین منہاس نے رئوف حسن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کر لی، رئوف حسن کو بیرون ملک سفر کی اجازت کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ رئوف حسن کی درخواست پر قانون کے مطابق جلد فیصلہ کرے، وکیل کے مطابق رئوف حسن کینسر surviver ہیں جنہیں چیک اپ کے لیے برطانیہ جانا ہے۔عدالتی حکم میں کہا گیا کہ وکیل کے مطابق پٹیشنر پر ایف آئی اے کا مقدمہ ہے جس میں وہ ضمانت پر ہیں، وکیل نے دلائل دیئے کہ محض مقدمہ درج ہونے پر کسی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا بلا جواز ہے۔