ایف آئی آر میں آپکو نامزد کیا ،کیسے جے آئی ٹی کا حصہ بن سکتے ، عمر ایوب کا آئی جی سے سوال
سوال نامے محض ہوائی فائرنگ ، تحریری شکل میں دیں ، اپوزیشن لیڈر ، جے آئی ٹی کا انکار
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کے معاملے میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب جے آئی ٹی میں پیش ہو گئے جب کہ علیمہ خان کو غیر حاضر ہونے کے بعد ایک بار پھر آج طلب کر لیا گیا۔تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی آئی جی اسلام آباد نے کی، عمر ایوب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے آئی جی اسلام آباد سے کہا کہ میں نے ایف آئی آر میں آپ کو نامزد کیا ہوا ہے، آپ کیسے جے آئی ٹی کا حصہ بن سکتے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ عمر ایوب نے کہا کہ جو تحقیقات کا معاملہ ہے مجھے تحریری شکل میں دیا جائے، سوشل میڈیا سے ہی مواد اکٹھا کیا گیا ہے، ہمیں یہ سوال اور ثبوت فراہم کریں، میرا کام ہی اپوزیشن کرنا ہے اگر اختلاف نہ کروں تو کیا کروں؟،ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے کوئی بھی سوال نامہ دینے سے انکار کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق عمر ایوب نے کہا کہ یہ سوال نامے محض ہوائی فائرنگ ہی ہیں۔ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو ایک بار پھر طلب کرلیا ہے۔ جے آئی ٹی نے علیمہ خان کو 14 مارچ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔12 مارچ کو طلبی پر علیمہ خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئی تھیں۔