آپ اپنے ائیر بیس نہیں بچا سکتے تو جنتا کو کیسے بچائیں گے؟ بھارتی چینل کا اپنی حکومت سے سوال

  نئی دہلی،اسلام آباد  (آئی این پی )پاکستان کی جانب سے   ہفتہ کو  علی الصبح آپریشن بنیان المرصوص کا آغاز کرنے پر بھارتی حکومت سمیت بھارت کا میڈیا بھی بوکھلا گیا۔بھارتی میڈیا 2 دن پہلے سوشل میڈیا پر اپنی حکومت اور افواج کے گن گارہا تھا اب پاکستان کی انتقامی کارروائی سے تھر تھر کانپنے لگا ہے اور حکومت کی پالیسیوں پر سوال بھی اٹھا رہا ہے۔بھارتی میڈیا پر ایک پروگرام کے دوران خاتون اینکر نے سوال اٹھایا کہ عوام کی گھبراہٹ واضح طور پر دکھائی دے رہی ہے کیونکہ زیادہ تر ائیر بیسز تباہ ہوتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، آگ کے گولوں میں بدلتے نظر آرہے ہیں۔خاتون اینکر نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوال ہے کہ جب آپ اپنے ائیر بیسز کو نہیں بچا سکے تو عوام کی حفاظت کیسے کریں گے؟   ۔دریں اثنا ایک نجی ٹی وی  رپورٹ کے مطابق  پاک بھارت کشیدگی میں  رافیل طیاروں کی تباہی کے بعد رافیل ڈیل میں مودی حکومت کی کرپشن اور فراڈ سے متعلق الزامات پر باتیں دوبارہ شروع ہوگئی ہیں۔