البینزم کے شکار افراد کے حقوق کی حفاظت اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کرنا ضروری ہے:عالمی دن پر پیغام
ایران پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں‘ اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو شدید خطرہ لاحق ہوچکا ہے: وزیراعلی پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے البینزم سے متعلق آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے البینزم کمزوری نہیں،محض قدرتی تنوع کا حصہ ہے۔ البینزم کا شکار افراد خوبصورتی کا روشن پہلو ہیں عزت اور تحفظ دینا معاشرتی فریضہ ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایسا پنجاب چاہتے ہیں جہاں کسی کو جلد،ظاہری شکل یا پیدائشی فرق کی بنیاد پر کمتر نہ سمجھا جائے۔البینزم سے متاثرہ افراد کے لیے محبت، احترام اور قبولیت کا دائرہ کار مزید وسیع کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب البینزم سمیت دیگر سپیشل افراد کو مکمل تعلیمی، طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ البینزم کے شکار افراد کے حقوق کی حفاظت اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کرنا ضروری ہے۔دریں اثناء مریم نواز نے ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسرائیلی حملے میں ایرانی عہدیداروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایران کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو شدید خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔