سینیٹ میںنائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور قومی اسمبلی میں قرارداد پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے پیش کی‘اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی:متن
اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے ، تہران کو دفاع کا حق حاصل ہے‘اسرائیلی جارحیت سے خطے کو خطرہ ہے:ترجمان دفترخارجہ
اسلام آباد(آئی این پی ) سینیٹ آف پاکستا ن اور قومی اسمبلی نے ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ سینیٹ میںنائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی گئی۔قرارداد کے متن میں تحریر کیا گیا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی کنونشن کی خلاف ورزی کی۔ اسرائیل کا اقدام جنگی جرم ہے، خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل کے ہاتھوں غزہ میں بچوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔سینیٹ اجلاس کے دوران اسرائیل کے ایران پر حملے کیخلاف پیش کی گئی مذمتی قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔دریں اثنا قومی اسمبلی میں بھی قرارداد حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی، قرارداد پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے پیش کی۔دریں اثناء دفترخارجہ نے ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز اور غیرقانونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہیں، ایرانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، تہران کو دفاع کا حق حاصل ہے ۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا اسرائیلی حملے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہیں، اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اسرائیل کی کھلی اشتعال انگیزیوں کی دوٹوک انداز میں مذمت کرتا ہے، اسرائیلی جارحیت اور اشتعال انگیزی پورے خطے، امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ اور شدید تشویش کا باعث ہیں