دل کا دورہ پڑنے سے قبل اللّٰہ رکھا کی بیٹی کو طلاق ہو گئی تھی: اداکار سہیل احمد

دل کا دورہ پڑنے سے قبل اللّٰہ رکھا کی بیٹی کو طلاق ہو گئی تھی: اداکار سہیل احمد

پاکستانی اداکار اور کامیڈین سہیل احمد نے مرحوم مزاحیہ فنکار اللّٰہ رکھا عرف پیپسی کی اچانک وفات کے بعد ان کی زندگی کے آخری دنوں سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

ایک کامیڈی ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل احمد نے اپنے دیرینہ دوست اللّٰہ رکھا پیپسی کو منفرد صلاحیتوں کا مالک اور انتہائی خوددار فنکار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپسی نے اپنی زندگی میں مشکلات کے باوجود کبھی کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلایا۔سہیل احمد نے بتایا کہ اللّٰہ رکھا آخری دنوں میں اپنی بیٹی کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔ ان کے مطابق بیٹی کے گھریلو مسائل نے انہیں اندر سے پریشان کر رکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ اللّٰہ رکھا اپنی بیٹی کے مستقبل کے بارے میں بہت فکر مند رہتے تھے اور اکثر اپنے خدشات کا اظہار کرتے تھے۔سہیل احمد نے بتایا کہ اللّٰہ رکھا کی وفات کے بعد تدفین کے موقع پر ایک نوجوان نے انہیں بتایا کہ اسی روز ان کی بیٹی کی طلاق ہوئی تھی، جس پر انہیں شدید صدمہ پہنچا۔

ان کے مطابق یہ افسوسناک اطلاع اللّٰہ رکھا کو دل کا دورہ پڑنے سے چند گھنٹے قبل سامنے آئی تھی۔ سہیل احمد کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتے کہ پیپسی اندر ہی اندر کس تکلیف سے گزر رہے تھے، تاہم ممکن ہے کہ یہ غم بھی ان کی طبیعت خراب ہونے کی ایک وجہ بنا ہو۔انہوں نے مزید بتایا کہ اللّٰہ رکھا کو دل کے عارضے کی شکایت تھی، مگر وہ علاج کے لیے تیار نہیں تھے اور ایک پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران ہی ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی۔واضح رہے کہ معروف کامیڈین اور اسٹیج اداکار اللّٰہ رکھا جو اپنے اسٹیج ناموں پیپسی اور پانی پوری کے نام سے مشہور تھے، 50 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ وہ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں پرفارم کر رہے تھے جب اچانک انہیں دل کا دورہ پڑا، بعد ازاں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔