ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفارتخانے نے تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو تجارتی جہازوں پر ہونے والے میزائل حملوں میں ایک بھارتی ملاح ہلاک ہو گیا ہے۔
بھارتی سفارتخانے کے جاری کردہ بیان کے مطابق حملوں کا نشانہ بننے والے دونوں بحری جہاز البحیہ اور مومباسا بی تھے۔سفارتخانے نے بھارتی ملاح کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے تعزیت کی اور کہا کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔بیان کے مطابق بھارتی سفارتخانہ زخمی ہونے والے افراد اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سفارتی اور قونصلر معاونت فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔سفارتخانے نے مزید کہا کہ واقعے سے متعلق تمام پیش رفت پر نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید امدادی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے باعث تجارتی جہازوں کی سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ عالمی بحری صنعت اور مختلف ممالک اس اہم آبی گزرگاہ کی سیکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔تاحال حملے کی مزید تفصیلات، ہلاک ہونے والے بھارتی ملاح کی شناخت یا زخمیوں کی تعداد کے بارے میں سرکاری طور پر مزید معلومات جاری نہیں کی گئی ہیں۔