آن لائن تنازعات پیدا کرنا اب ویوز، فالوورز اور عوامی توجہ حاصل کرنے کا ایک آسان ذریعہ بن چکا ہے:سینئر اداکار
کراچی (شوبز ڈیسک) سینئر اداکار اور مصنف محمد احمد نے آن لائن تنقید اور تنازعات پر مبنی مواد کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل بہت سے لوگ بامقصد کام کرنے کے بجائے دوسروں پر تنقید کر کے شہرت حاصل کر رہے ہیں۔حالیہ ویڈیو میں اداکار نے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کی نظر میں اب اداکاری اور لکھنا شاید کوئی مشکل پیشہ نہیں رہا، آج توجہ حاصل کرنے کا سب سے آسان طریقہ دوسروں پر تنقید کرنا اور تنازع کھڑا کرنا ہے، کیونکہ اس قسم کا مواد سوشل میڈیا پر تیزی سے لائکس اور توجہ حاصل کر لیتا ہے۔کسی کا نام لیے بغیر محمد احمد نے کہا کہ بعض افراد جب اپنے شعبے میں کامیابی حاصل نہیں کر پاتے یا ان کے پاس کوئی نمایاں کام نہیں ہوتا تو وہ دوسروں کے خلاف باتیں کرنا شروع کر دیتے ہیں، آن لائن تنازعات پیدا کرنا اب ویوز، فالوورز اور عوامی توجہ حاصل کرنے کا ایک آسان ذریعہ بن چکا ہے۔انہوں نے یوٹیوب اور ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارمز پر روسٹنگ، گپ شپ اور ذاتی تنقید کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منفی مواد کو اکثر تخلیقی اور معیاری کام کے مقابلے میں زیادہ پذیرائی ملتی ہے، جس کے باعث مزید لوگ بھی اسی راستے کو اختیار کرنے لگتے ہیں۔