سستی شہرت کے بجائے محنت سے پہچان بنانے پر یقین رکھتی ہوں‘ آیت خان

ہمیں مل کر ایک ایسا مضبوط اور مربوط نظام بنانا ہوگا جہاں پروڈیوسرز اور چینلز فن کاروں کی محنت کا بروقت صلہ دیں:اداکارہ
اسلام آباد(شوبز ڈیسک)پاکستان کی ابھرتی ہوئی نامور اداکارہ، ماڈل اور ٹی وی میزبان آیت خان نے کہا ہے کہ وہ ذرائع ابلاغ کی دنیا میں سستی شہرت پانے کی بجائے ہمیشہ اپنے مثبت کردار، محنت اور باوقار کام کے ذریعے منفرد پہچان بنانے پر یقین رکھتی ہیں وفاقی دارالحکومت میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے فنِ کار حلقوں اور مداحوں کی جانب سے مسلسل ملنے والی پذیرائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ مختلف ٹی وی چینلز اور نشریاتی اداروں پر بطور اینکر اور صبح کے پروگراموں کی میزبانی کے فرائض انجام دینے والی آیت خان کا شمار ان باصلاحیت خواتین میں ہوتا ہے جو چمک دمک کی دنیا میں بھی اخلاقی اقدار اور مثبت رویوں کو اولیت دیتی ہیں ، فنِ کار برادری کے موجودہ ماحول اور کام کے طریقوں پر کھل کر بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ "پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، لیکن یہاں کام کرنے والے بالخصوص نئے آنے والے فن کاروں کو ایک ایسا سازگار، محفوظ اور عزت دار ماحول ملنا چاہیے جہاں ان کی صلاحیتوں کی حقیقی قدر کی جائے ، آیت خاں نے کہا ہمیں مل کر ایک ایسا مضبوط اور مربوط نظام بنانا ہوگا جہاں پروڈیوسرز اور چینلز فن کاروں کی محنت کا بروقت صلہ دیں تاکہ کوئی بھی باصلاحیت فرد مایوسی کا شکار نہ ہو۔" آیت خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس دنیا میں صرف روایتی چمک دمک کا حصہ بننے نہیں آئیں، بلکہ ان کا مقصد اپنے ہر پروجیکٹ اور پروگرام کے ذریعے معاشرے میں ایک تعمیری اور مثبت پیغام پھیلانا ہے ان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں بھی صرف ایسے پراجیکٹس کا انتخاب کریں گی جو نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہوں بلکہ ناظرین کے لیے فکری طور پر بھی سودمند ثابت ہوں۔ واضح رہے کہ شوبز انڈسٹری کے سینئر ہدایت کاروں، پروڈیوسرز اور ساتھی فن کاروں کی جانب سے بھی آیت خان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، وقت کی پابندی اور کام کی جگہ پر ان کے شائستہ اور مثبت رویے کی بے حد تعریف کی جاتی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر موجود ان کے ہزاروں مداحوں نے بھی ان کے اس تعمیری اور باوقار موقف کو بے حد سراہا ہے اور انہیں انڈسٹری کا ایک روشن اور ذمہ دار چہرہ قرار دیا ہے۔