نیو یارک سٹی کے 34 سالہ نومنتخب میئر ظہران ممدانی اور ان کی اہلیہ راما دواجی باضابطہ طور پر شہر کی سرکاری میئر رہائش گاہ گریس مینشن میں منتقل ہو گئے ہیں۔
میئر ممدانی نے اپنے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس موقع پر پوسٹ کرتے ہوئے گریس مینشن کو "عوام کا گھر" قرار دیا اور کہا کہ یہ عمارت ہمیشہ نیو یارک کے عوام سے تعلق رکھے گی۔ انہوں نے کہا:"راما اور میں خود کو خوش نصیب سمجھتے ہیں کہ ہم بھی دیگر نیو یارکرز کی طرح شہر کے ایک نئے حصے میں منتقل ہو رہے ہیں۔"انہوں نے تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میئر اور اہلیہ کا سامان نئی رہائش گاہ میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ممدانی اور راما نے پچھلے پانچ سال کوئنز میں ایک رینٹ اسٹیبلائزڈ اپارٹمنٹ میں گزارے تھے، جہاں وہ ماہانہ 2300 ڈالر کرایہ ادا کرتے تھے۔ میئر کے مطابق گریس مینشن منتقل ہونے کا فیصلہ خاندان کی سیکیورٹی اور عوامی افورڈیبلٹی ایجنڈے پر توجہ دینے کے لیے کیا گیا۔
انہوں نے سابقہ اپارٹمنٹ کی یادیں بھی شیئر کیں، جیسے کہ کچن میں کھانا پکانا، شام کو پڑوسیوں کے ساتھ لفٹ کا سفر، اور دیواروں کے پار سے موسیقی اور قہقہوں کی آوازیں سننا۔گریس مینشن ایک 11 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل شاندار رہائش گاہ ہے، جو 1942 سے نیو یارک کے میئرز کی سرکاری رہائش گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔ یہ اپر ایسٹ سائیڈ میں واقع ہے اور ہر میئر نے اس میں قیام کیا، سوائے سابق میئر مائیکل بلومبرگ کے، جو زیادہ تر اپنے ذاتی گھروں میں رہائش پذیر رہے۔