پنجاب: ٹیکس نیٹ میں وسعت، طویل عرصے سے ٹیکس نہ دینے والوں کو شامل کرنے کا فیصلہ

پنجاب: ٹیکس نیٹ میں وسعت، طویل عرصے سے ٹیکس نہ دینے والوں کو شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں طویل عرصے سے ٹیکس نہ دینے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 اس حوالے سے سروسز فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں کو پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) سے لازمی رجسٹریشن کروانا ہوگی، ای آئی ایم ایس میں شامل ہونا ہوگا اور ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنانی ہوگی۔چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت فیلڈ آپریشنز کی کارکردگی پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں محصولات کے اہداف اور ای آئی ایم ایس رجسٹریشن کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مقررہ اہداف مکمل نہ کرنے پر سرگودھا اور بہاولپور ڈویژن کی کارکردگی پر اظہار ناراضی بھی کیا گیا۔

چیئرمین PRA نے کہا کہ تمام فیلڈ ٹیموں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے رواں ماہ ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران سے ہدایت کی کہ فیلڈ آپریشنز میں اضافہ کریں اور ٹیکس پیئرز کے لیے سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے کمشنرز اور انفورسمنٹ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔