ماسٹر پلان 2050 کو مکمل کرنے کی مشروط اجازت دینے کی سفارش
لاہور (خصوصی رپورٹ)صوبائی دارالحکومت میں شہری ترقی کے اہم فیصلوں کیلئے ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا سال 2026 کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین میاں مرغوب احمد نے کی جبکہ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں مختلف انتظامی، قانونی اور ترقیاتی معاملات منظوری کیلئے پیش کیے گئے۔ صوبائی کابینہ سے منظور شدہ ہا ئوسنگ سیکٹر ریفارمز اور کابینہ سب کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ایل ڈی اے رولز میں ترامیم کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی، جسے ہا ئوسنگ سیکٹر میں پالیسی سطح کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔گورننگ باڈی نے عدالتی احکامات کے مطابق ماسٹر پلان 2050 کو مکمل کرنے کی مشروط اجازت دینے کی سفارش بھی کی، جس سے شہر کی طویل المدتی منصوبہ بندی کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔ایل ڈی اے سٹی میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی سائٹ کی ری پلاننگ کی سفارش منظور کی گئی، تاکہ ماحولیاتی اور تکنیکی تقاضوں کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے۔