رمضان سے قبل بازاروں میں قیمتیں بلند اور خریدار پریشان

اوپن مارکیٹ میں چاول، گھی، آئل اور چینی کی قیمتیں بلند ترین سطح پرپہنچ گئیں
لاہور(زیڈ این این)ملک بھر میں رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھنے لگا ہے، تاہم شہری بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے منتظر ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں آٹے کے سوا تقریباً تمام اشیاء کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق معیاری چاول 400 سے 620 روپے فی کلو، جبکہ درجہ اول کا گھی اور کوکنگ آئل 590 سے 610 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ درجہ دوم کا گھی 520 روپے اور آئل 540 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔ اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 170 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل انتظامیہ کو قیمتوں میں استحکام یقینی بنانا چاہیے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ گراں فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی کرے اور سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔