پنجاب میں خواتین یونیورسٹیوں سے مرد پروفیسرز ہٹانے کا فیصلہ

خواتین کو بلیک میلنگ سے بچانے کیلئے پیپرز لینے اور چیکنگ کا نظام تبدیل کررہے ہیں‘  یونیورسٹیوں میں ہراساں کرنے والوں کوسزائیں ہوں گی
 وائس چانسلرز اور پروفیسرز کی کارکردگی کیلئے پرفارما تقسیم کیے جائیں گے‘ کارکردگی کی بنیاد پر سزا اور جزا ء کا فیصلہ کیا جائے گا:گورنر پنجاب
 لاہور (سپیشل رپورٹر )پنجاب کی خواتین کی یونیورسٹیوں سے مرد ٹیچرز اور پروفیسرز کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا  یونیورسٹیوں میں ہراساں کرنے والوں کوسخت سزائیں ہوں گی۔ خواتین کو بلیک میلنگ سے بچانے کے لیے پیپرز بنانے اور ان کی چیکنگ کا نظام تبدیل کررہے ہیں۔سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ پیپرز لینے اور چیکنگ کا سسٹم تبدیل کرنے کیلئے تمام یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ وائس چانسلرز اور پروفیسرز کی کارکردگی کے لیے پرفارما تقسیم کیے جائیں گے۔ کارکردگی کی بنیاد پر سزا اور جزا کا فیصلہ کیا جائے گا۔