دہری شہریت کا حامل شخص نیشنل فرانزک ایجنسی کا ڈی جی مقرر نہیں کیا جا سکے گا:وزیر قانون
گزشتہ 2 سال میں نادرا نے کفایت شعاری پالیسی کے مطابق کوئی گاڑی نہیں خریدی:وزارت داخلہ
اسلام آباد(آئی این پی )سینیٹ میں نیشنل فرانزک ایجنسی بل 2024 متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ۔وزیر قانون اعظم سینیٹر نذیر تارڑ کی جانب سے پیش کردہ بل میں ارکان سینیٹ کی متعدد ترامیم بھی منظور کی گئیں۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی دوسری شہریت کا حامل شخص نیشنل فرانزک ایجنسی کا ڈی جی مقرر نہیں کیا جا سکے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر کو 1500 سی سی گاڑی اور 400 لیٹر پٹرول دیا جاتا ہے، 95 فیصد وزرا تنخواہ نہیں لے رہے، بجلی گیس کا بل وزرا خود دیتے ہیں، انہیں سرکاری مراعات نہیں دی جاتیں۔وزیر قانون نے مزید بتایا کہ اس تنخواہ میں اضافے کی بات ہو تو پارلیمنٹ خود کہتی ہے کہ معاشی تنگی ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی کی تنخواہ ایک لاکھ 56 ہزار روپے ہے، پارلیمنٹیرین کو کوئی گاڑی نہیں دی جاتی، انہیں 8 ہزار روپے یوٹیلیٹی بلز کی مد میں دیئے جاتے ہیں۔علاوہ ازیں وقفہ سوالات میں وزارت داخلہ نے تحریری جواب ایوان میں پیش کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 2 سال میں نادرا نے کفایت شعاری پالیسی کے مطابق کوئی گاڑی نہیں خریدی۔