بیوی نے شوہر کو نیند کی گولیاں دے کر تشدد کیا اور زندہ دفن کرنے کی کوشش، ملزمہ گرفتار

بیوی نے شوہر کو نیند کی گولیاں دے کر تشدد کیا اور زندہ دفن کرنے کی کوشش، ملزمہ گرفتار

مہاراشٹر کے مضافاتی علاقے میں ایک خوفناک واقعہ نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلادیا ہے، جہاں پولیس نے 38 سالہ شرمیلا کو اپنے شوہر پراوین جگتاپ کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی اور کوشش کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق، شرمیلا پر الزام ہے کہ اس نے اپنے شوہر کو نیند کی گولیاں دے کر بے ہوش کیا، پھر اس پر تشدد کیا، اور یہاں تک کہ ایک قبر نما ساخت بنا کر اسے زندہ دفن کرنے کی کوشش کی۔تفصیلات کے مطابق، 30 جولائی کو شرمیلا نے اپنے شوہر کے جوس میں نیند کی گولیاں ملائیں، جس کے بعد پراوین تقریباً دو دن تک بے ہوشی کی حالت میں رہا۔الزام ہے کہ یکم اگست کو جب وہ ہوش میں نہیں آیا تھا، تو شرمیلا نے اس پر کرکٹ کے بلے سے تشدد کیا۔مزید سنگین صورتحال اس وقت سامنے آئی جب مبینہ طور پر شرمیلا نے گھر کے مزدوروں سے مدد لی اور ایک قبر نما ساخت بنا کر، اس میں اپنے شوہر کو ڈالنے کی کوشش کی۔مزدوروں کو شک ہوا کہ اندر کوئی زندہ ہے، جس کے بعد انہوں نے اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پراوین کو باہر نکالا اور اسے اسپتال منتقل کیا۔پولیس نے پراوین کے والد کی شکایت پر شرمیلا کو گرفتار کیا ہے اور واقعہ کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔