کراچی:ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کے بجٹ کا 97 فیصد فراہم کرنے والے شہر کراچی پر پیسہ خرچ نہیں کیا جاتا، جبکہ صوبے میں 17 سال سے حکومت کرنے والی جماعت بھی شہر کی حالت بہتر بنانے میں ناکام رہی ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم پر لازم ہے کہ بانیِ پاکستان کی جدوجہد کو یاد رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے قوم کو سرخرو کیا ہے، اور آزادی کسی نعرے کا نہیں بلکہ ایک احساس کا نام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان جشنِ آزادی کو "مشنِ آزادی" کے طور پر مناتی ہے، لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ ہماری قسمت کا فیصلہ چند خاندان کررہے ہیں۔سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 17 برس سے صوبے میں ایک ہی جماعت برسراقتدار ہے لیکن کراچی کے مسائل جوں کے توں ہیں۔
"کراچی سندھ کے بجٹ کا 97 فیصد دیتا ہے، پھر بھی اس شہر پر پیسہ نہیں لگایا جاتا"، انہوں نے کہا۔خالد مقبول صدیقی نے الزام عائد کیا کہ کچھ لوگ اپنی نااہلی کے باعث سندھ کے علاقوں کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کسی بھی قسم کی علیحدگی کی کوششوں کے خلاف دیوار بنی رہے گی۔وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حقیقی تبدیلی لانی ہے تو ایوان میں تبدیلی لائیں۔