لاہور: چوہنگ کے علاقے میں نامعلوم شخص کی جانب سے موٹر سائیکل سوار لڑکی پر تشدد اور اغوا کی کوشش کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
واقعے کی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں ملزم کو لڑکی کو مارپیٹ اور گھسیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تشدد کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔متاثرہ لڑکی کی والدہ فرزانہ نے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا کہ ان کی بیٹی آمنہ گھر سے سودا سلف لینے موٹر سائیکل پر گئی تھی کہ راستے میں ایک نامعلوم شخص نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ والدہ کے مطابق ملزم نے بیٹی کو مکے اور تھپڑ مارے، بالوں سے پکڑ کر سڑک پر گھسیٹا اور اغوا کرنے کی کوشش بھی کی۔
پولیس کی کارروائی
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر ڈویژن رانا حسین طاہر کو فوری کارروائی اور ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ایس پی صدر ڈویژن کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ایچ او چوہنگ محمد رضا کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، اور جلد ہی فرار ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔