افغانستان میں دہشت گردوں کی حمایت اور طالبان کا دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ گٹھ جوڑ خطے کے لیے سنگین سکیورٹی چیلنج بن چکا ہے۔
سابق اعلیٰ افغان عہدیدار اور سابق قومی سلامتی کے مشیر احمد ضیاء سراج نے انکشاف کیا ہے کہ طالبان رجیم کا فتنہ الخوارج سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ افغان میڈیا افغان انٹرنیشنل کے مطابق، انہوں نے بتایا کہ اس گٹھ جوڑ میں دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں اور اسلحہ فراہم کیا جاتا ہے، اور خودکش حملہ آوروں کا تبادلہ بھی ہوتا ہے۔
سراج کے مطابق، طالبان رجیم عالمی دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ مل کر افغان سرزمین اور دیگر سہولیات کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغان شہری اس تعلق کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں، کیونکہ یہ گٹھ جوڑ خطے کے امن و امان کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔