جعلی سوڈا واٹر فیکٹریوں کی بھر مار ،شہری بیمار پڑنے لگے

سماجی وفلاحی تنظیموں کا ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی ، ڈی سی قصور سے کارروائی کا مطالبہ 
الہ آباد (خصوصی رپورٹ)انٹر نیشنل برانڈ کی جعلی سوڈا واٹر فیکٹریوں کی بھر مار ،شہری بیمار پڑنے لگے ،محکمہ فوڈ اتھارٹی بھاری منتھلی کے باعث کارروائی سے گریزاں ہے۔ سماجی ،فلاحی اور شہری تنظیموں نے ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر قصور سے کارروائی کا مطالبہ کردیا، ذرائع نے بتایا کہ شہر الہ آباد میں انٹر نیشنل برانڈ کی جعلی سوڈا واٹر تیار کرنے والی فیکٹریاں محلہ رحمانپورہ ،اسلام پورہ ، محلہ سردار نور محمد ،مدینہ کالونی ،ٹھینگ پنڈ ،محلہ فیصل آباد ،نیو اقبال ٹا ئون ،احمد ٹا ئون میں جبکہ نواحی علاقوں تلونڈی ،شامکوٹ نو،ارزانی پور ،مستووال ،بھیڑ سوہڈیاں ،ڈھٹے ،دربار شیخ علم دین ،ودیگر میں قائم ہیں۔جہاں سے روزانہ جعلی سوڈا واٹر کے سینکڑوں ریگولر بوتلوں کر کریٹس اور پٹس تیار کر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیے جارہے ہیں ،جن کے استعمال سے شہری خصوصا بچے معدہ اور جگر کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ محکمہ فوڈ اتھارٹی جس کا کام مضر صحت خوراک اور مشروب سے انسانی جانوں کا تحفظ کرنا اور جعل سازوں کے خلاف کاروائی کرنا ہے مبینہ طور پر بھاری منتھلی لیکر خاموش تماشائی بنے ہو ئے ہیں ، علاقہ بھر کی فلاحی سماجی اور شہری تنظیموں نے ڈائریکٹر فوڈ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر قصور سے مطالبہ کیا ہے کہ مضر صحت سوڈا واٹر سے انسانی صحت کو برباد کرنے والے ناسوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔