پارٹی عہدیداران عوام سے رابطہ رکھیں اور خدمت خلق کو اپنی زندگیوں کا مشن بنالیں ،لوگوں کی خدمت میں دن رات ایک کردیں،صدر پاکستان مسلم لیگ
اسلام آباد(پبلک نیوز)پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں کے وفود اور اوور سیز پاکستانیز کے وفد نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین اور سینئر نائب صدر و وفاقی وزیر اوور سیز پاکستانیز چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔وفود نے انٹرا پارٹی الیکشن کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔وفود نے چودھری شجاعت حسین کو پارٹی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔وفود نے دیگر عہدیداران کو بھی پارٹی الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی۔ پارٹی رہنماؤں نے چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کا پاکستان کے قیام اور استحکام پاکستان میں بنیادی کردار ہے۔ مسلم لیگ نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان بنایا تھا اور یہی پارٹی اسے استحکام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کو ہرسطح پر مضبوط اور مستحکم کیا جائے گا۔پارٹی کے نو منتخب عہدیداران کارکردگی دکھائیں اور عوام سے رابطہ رکھیں۔عوام کی خدمت کو اپنی زندگیوں کا مشن بنالیں اور لوگوں کی خدمت میں دن رات ایک کردیں ۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عہدوں کا حصول نہیں خدمت خلق نصب العین ہونا چاہیے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے اپنی وزارت کی ایک سالہ کارکردگی بارے وفود کو آگاہ کیا۔وفود نے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانے کے حوالے سے چودھری شافع حسین کی ان تھک محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ زندگی کے دیگر مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے بھی ملاقاتیں کیں اور انٹرا پارٹی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔