شہید ہونیوالوں میں سپاہی افتخار، مجاہد، پرائیویٹ ڈرائیور شبیر اور سب انسپکٹر فاروق باچا شامل،حملہ آور رفرار،علاقے میںسرچ آپریشن شروع
اطلاع ملی تھی سفید رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی میں بھاری مقدار میں منشیات پنجاب سمگل کی جا رہی ہے ، زخمی سب انسپکٹر کے بیان میں انکشاف
پشاور(آئی این پی )پشاور کے علاقے نوشہرہ، تارو پبی میں جی ٹی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ایکسائز موبائل سکواڈ پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر باچا خان سمیت چار اہلکار شہید ہو گئے۔شہید ہونے والوں میں سپاہی افتخار، مجاہد، پرائیویٹ ڈرائیور شبیر اور سب انسپکٹر فاروق باچا شامل ہیں۔ واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے، جن کی تلاش میں علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سب انسپکٹر فاروق باچا کے زخمی حالت میں قلمبند کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ اطلاع ملی تھی سفید رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی میں بھاری مقدار میں منشیات پنجاب سمگل کی جا رہی ہے۔ یہ بھی اطلاعات تھیں کہ منشیات سے حاصل کی گئی رقم دہشتگردانہ کارروائیوں میں استعمال ہو گی۔ اس گاڑی کو روکنے کے لیے ہم جی ٹی روڈ پر سبزی منڈی کے مقام پر موجود تھے کہ گاڑی نے ہمیں کراس کیا۔ ہم نے تعاقب کیا تو گاڑی میں موجود ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس سے دو اہلکار اور ہمارا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔انکشافات کی روشنی میں ایف آئی آر کے لیے سی ٹی ڈی مردان کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، جس میں قتل، اقدام قتل، سرکاری اہلکاروں پر حملہ، اور دہشتگردی سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور کی ملک سعد پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں پولیس، ایکسائز، اور دیگر سکیورٹی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ جنازے کے بعد شہداء کو سلامی دی گئی اور ان کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کیے گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔