اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسرائیل اپنے دائرہ کار کو بڑھا رہا ہے اور اب مسلم امہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ متحد ہو کر اس خطرے کا مقابلہ کرے۔
خواجہ آصف نے غزہ اور دیگر ممالک پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مظالم بڑی طاقتوں کی سرپرستی میں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی تاریخ میں غزہ پر جاری مظالم کی مثال نہیں ملتی اور بڑی طاقتوں نے اربوں ڈالر کا اسلحہ اسرائیل کو فراہم کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ اسرائیل کی پشت پناہی کون کر رہا ہے، اور اس کے پیچھے برطانوی اور امریکی حکومتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں ہونے والے ووٹس اس حقیقت کی تصدیق کرتے ہیں۔خواجہ آصف نے مسلم امہ پر زور دیا کہ اسے اپنے گریبان میں جھانک کر جاگنا ہوگا اور پاکستان کو اپنا مثال بنا کر متحد ہونا چاہیے۔ ان کے بقول پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی، اور اس کامیابی کو مسلم امہ کے لیے سبق بنانا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایشیا کے اندر نیا پاور سینٹر ابھر رہا ہے اور یہی مستقبل ہے۔مزید برآں، وزیر دفاع نے سیلابی نقصانات اور ڈیموں سے متعلق تحفظات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم مزید سیلابی نقصانات کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ دریاؤں اور نالوں سے تجاوزات ختم ہونی چاہئیں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے ارد گرد جو تعمیرات ہوئی ہیں وہ چھپ کر نہیں بلکہ سب کے سامنے کی گئی ہیں۔