فیڈرل کانسٹیبلری کا ہیڈکوارٹر پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ہوا، جس میں نئے ہیڈکوارٹر کے لیے اراضی کی نشاندہی اور ماسٹر پلان طلب کرنے کی ہدایت دی گئی۔محسن نقوی نے کہا کہ نئے ہیڈکوارٹر کے لیے دارالحکومت میں موزوں جگہ مختص کی جائے، اور زمین کی نشاندہی کے دوران ہیڈکوارٹرز اور ٹریننگ کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے فیڈرل کانسٹیبلری کو جدید بنیادوں پر استوار کر کے ایک منظم اور فعال فورس بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
اجلاس میں وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، کمانڈنٹ و ڈپٹی کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔