پاکستان اور بھارت کے بڑے ڈیموں میں پانی خطرناک سطح تک پہنچ گیا

تربیلا ڈیم مکمل بھر گیا، منگلا ڈیم  93 فیصد اورسملی ڈیم بھی آخری سطح کو چھونے لگا
بھارت میں بھاکرا ڈیم 88 فیصد،  پونگ ڈیم 94 فیصد اور تھین ڈیم 79 فیصد تک بھر گیا
 اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور بھارت کے بڑے ڈیمز میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔ تربیلا ڈیم مکمل بھر گیا جبکہ منگلا اور بھارتی ڈیمز بھی اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش کے قریب پہنچ گئے۔وزارتِ آبی وسائل کے مطابق دریائے سندھ پر تربیلا ڈیم مکمل طور پر بھر چکا ہے اور اس کی سطح 1550 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ دریائے جہلم کا منگلا ڈیم بھی 93 فیصد بھر چکا ہے، موجودہ سطح 1235 فٹ ریکارڈ کی گئی۔ وہاں مزید 6 فٹ پانی کی گنجائش  موجودہے۔اسلام آباد کے سملی ڈیم میں پانی اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش کی سطح 2315 فٹ تک پہنچ گیا ہے۔ ڈیم کے مرکزی سپل وے کا ایک گیٹ دو فٹ  تک کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق پانی کا اخراج تقریبا 1700 کیوسک ہوگا، جو ڈیم کے زیادہ سے زیادہ اخراج کی صلاحیت کا صرف چار فیصد ہے۔انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ دریائے سواں کی قریبی آبادیاں حفاظتی انتظامات کریں، متعلقہ علاقہ مکینوں کو ٹیلی فون اور سائرن کے ذریعے بھی انتباہ کیا  گیا۔بھارت میں دریائے ستلج پر ہماچل پردیش کا بھاکرا ڈیم 88 فیصد، دریائے بیاس پر پونگ ڈیم 94 فیصد جبکہ دریائے راوی پر تھین ڈیم 79 فیصد تک بھر گئے ہیں۔