کشتی گوادر سے ایران کے راستے عمان کے لئے روانہ ہوئی تھی‘گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی
تمام مسافر جان بچانے کیلئے سمندر میں کود گئے‘زندہ بچنے والے کو عمان کے حکام نے حراست میں لے لیا
اسلام آباد (آئی این پی )عمان کے قریب کشتی حادثے میں 19 پاکستانی ڈوب گئے، جو تاحال لاپتہ ہیں جبکہ ایک پاکستانی کو زندہ بچایا جا سکا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے عمان کے قریب غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے، جس کے مطابق 20 پاکستانیوں پر مشتمل کشتی 7 ستمبر کو طوفان کی نذر ہوگئی تھی۔حادثے کے دوران کشتی میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد تمام مسافر سمندر میں کود گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کشتی حادثے میں صرف ایک شخص حامد اللہ خان کو زندہ بچایا گیا جسے ایک بحری جہاز نے ریسکیو کیا۔ بچائے گئے پاکستانی کو عمانی حکام نے حراست میں لے لیا ہے اور پاکستانی سفارتخانہ اس کی وطن واپسی کے انتظامات میں مصروف ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق یہ کشتی گوادر سے ایران کے راستے عمان کے لئے روانہ ہوئی تھی۔ زندہ بچ جانے والے حامد اللہ خان نے اپنے 19 ساتھیوں میں سے 11 کی شناخت فراہم کردی ہے، تاہم باقی لاپتہ افراد کے بارے میں مزید معلومات کے لیے عمانی وزارت خارجہ سے رابطہ جاری ہے