انمول پنکی نے سی ٹی ڈی کے مقدمے میں بھی بریت کی درخواست دائر کر دی

 کراچی(خصوصی رپورٹ ) ڈرگ ڈیلر انمول پنکی نے سیشن عدالت میں سی ٹی ڈی تھانے میں درج منشیات کے مقدمے میں بھی بریت کی درخواست دائر کر دی ۔عدالت نے درخواست پر ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔ ملزمہ نے ضابط فوجداری کی دفعہ 265 کے تحت بریت کی درخواست دائر کی ہے۔ملزمہ کے وکیل میر ہدایت اللہ نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے میں انمول پنکی کے خلاف ٹھوس شواہد موجود نہیں، لہذا انھیں مقدمے سے بری کیا جائے۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انمول عرف پنکی کو گزری میں درج 3 مقدمات میں پہلے ہی بری کیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ مقدمے میں ملزمہ کے 2 مبینہ سہولت کار ضمانت پر رہائی کے بعد مفرور ہو چکے ہیں۔واضح رہے کہ انمول عرف پنکی کا نام کراچی میں مبینہ منشیات فروشی کے نیٹ ورک سے متعلق پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائیوں کے بعد نمایاں ہوا ہے۔ مئی 2026 میں ان کی گرفتاری کی خبر سامنے آئی تھی، انھیں پولیس بیان کے مطابق 12 مئی کو کراچی کے علاقے گارڈن میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔حکام نے ان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد ہونے کا دعوی کیا، جب کہ انمول نے پولیس کے دعوں کی تردید کی اور الزام لگایا کہ انھیں کراچی منتقل کرنے سے پہلے لاہور میں حراست میں رکھا گیا تھا۔