24 گھنٹوں کے دوران 1481 ٹریفک حادثات

 لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1481 ٹریفک حادثات پر ریسکیو 1122 نے کارروائی کی، جن میں 862 افراد شدید زخمی ہوئے اور انہیں قریبی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 885 معمولی زخمیوں کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ اعدادوشمار کے مطابق ان حادثات میں 82 فیصد واقعات موٹر سائیکلوں سے متعلق تھے۔ ریسکیو حکام نے ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی اور سڑکوں پر لائن و لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھنے پر زور دیا۔ صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق حادثات میں 963 ڈرائیور، 100 کم عمر ڈرائیور، 604 مسافر اور 190 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ لاہور میں 249 حادثات کی کالز موصول ہوئیں، جبکہ صوبائی دارالحکومت 315 متاثرین کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ ملتان 86 حادثات اور 91 متاثرین کے ساتھ دوسرے، جبکہ فیصل آباد 74 حادثات اور 94 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ مجموعی طور پر 1757 متاثرین میں 1339 مرد اور 418 خواتین شامل تھیں۔ زخمیوں میں 355 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 887 کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان اور 515 افراد کی عمر 40 سال سے زائد تھی۔ حادثات میں 1617 موٹر سائیکلیں، 90 رکشے، 142 کاریں، 25 وین، 11 مسافر بسیں، 29 ٹرک اور 83 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔