پی ٹی آئی کا شو ختم، قومی پرچم نہ اٹھانے والوں کی نسلیں تباہ کر دیں گے فیصل واوڈا

 دہشتگردی کیخلاف فوج،پولیس اور عام شہری قربانیں دے رہے ہیں، موجودہ سیٹ اپ والے لوگ پرفارمنس نہ دے سکے تو نئے لوگ آئیں گے
 پاکستان کی کہانی اپنے بچوں کو سنائیں گے، پاکستان کی کہانی کا پہلا پارٹ ریلیز ہوگیا،اگلے پارٹ بھی آئیں گے‘ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کریں گے
 180 دن اہم ہیں،ناکامی کی کوئی گنجائش نہیں،صرف کامیابی ہوگی‘پی ٹی آئی تتر بتر ہوگئی، سسٹم اب ری بوٹ ہوگا‘بلوچستان حکومت کا بھی فین نہیں:ٖپریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی )سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے  خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال تشویشناک ہے، ایمرجنسی لگانا ناگزیر ہو چکا تھا : پی ٹی آئی کا دہشتگردوں سے گٹھ جوڑ تھا، پی ٹی آئی والوں کے آپس میں بھی جھگڑے چل رہے ہیں، پی ٹی آئی کے جھوٹے نعرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوگئے۔۔نیشنل پریس کلب  ا سلام آبا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ صوبے کے عوام کے مفاد میں ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہونے کے باعث ایمرجنسی ناگزیر تھی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مخصوص ذہنیت کے حامل لوگوں کی 13 سال حکومت رہی، خیبرپختونخوا میں 13 سال میں تباہی ہی تباہی ہوئی،پی ٹی آئی والے کہتے تھے لیڈر نہیں ہوگا تو پاکستان نہیں ہوگا۔  دہشت گردی کے واقعات میں ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں، ایس نہیں ہو سکتا کہ ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں اور آپ من مانیاں کرتے پھریں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف فوج،پولیس اور عام شہری قربانیں دے رہے ہیں، موجودہ سیٹ اپ والے لوگ پرفارمنس نہ دے سکے تو نئے لوگ آئیں گے، پاکستان کی کہانی اپنے بچوں کو سنائیں گے، پاکستان کی کہانی کا پہلا پارٹ ریلیز ہوگیا،اگلے پارٹس بھی آئیں گے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ فوج قربانیاں بھی دے،کامیابیاں بھی دے،ڈیفالٹ سے بھی بچائے، فوج سرمایہ کاری لائے اور دہشتگردی کیخلاف بھی لڑے۔ فیلڈ مارشل ہمیں کامیابیاں لاکر دے رہے ہیں،ان کی قدر کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کریں گے، 180 دن اہم ہیں،ناکامی کی کوئی گنجائش نہیں،صرف کامیابی ہوگی، پی ٹی آئی والے دہشتگردی کا حصہ بنے ہوئے تھے، پی ٹی آئی سے کہا گیا خارجیوں کو نکالو لیکن نہیں نکالا گیا۔ صوبے کے عوام اس لیے باہر نہیں نکلے کیونکہ وہ تباہ برباد ہوگئے۔انہوں نے کہا  آج جو کچھ ہورہاہے وہ میں ایک برس پہلے بتا چکا تھا، پاکستان کا پرچم نہ اٹھانے کی بات کرنے والوں کی نسل تباہ کردیں گے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے 13 سالہ دور حکومت میں صرف تباہی دیکھی۔  پاکستان سے بڑا کوئی نہیں ،خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کا حصہ بنی ہوئی تھی۔صوبہ نہ کسی کے باپ کا ہے اور نہ کسی کی جاگیر ہے،ہم سب پاکستان کے محافظ ہیں ، دہشتگردی ختم کرنی ہے،ہمیں اپنے سپہ سالار کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کہانی اپنے بچوں کو سنانی ہے، یہ پارٹ ون ہے، پارٹ ٹو آئیگا ،پارٹ تھری بھی آسکتا ہے۔ لیڈرز کی حالت دیکھیں ،کھڑے نہیں ہو سکتے ،انگریزی بول نہیں سکتے،ہم اگر 10گنا بڑے دشمن سے جنگ جیت سکتے ہیں تو باقی کیا مسئلہ ہے۔ افغان شہریوں کو نکالیں، کیوں انہیں صوبے میں رکھا ہوا تھا، ہمارے پاس ناکامی کا چانس نہیں، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ صوبے کے عوام کے مفاد میں ہے۔اگر یہ سیٹ اپ پرفارم نہیں کرسکا تو نیا آئے گا،  عوام اب سر پر اس کو بٹھائے گی جو عوام کو کچھ دے گا،180دن میں پرفارمنس کر کے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترانے اور پرچم کی بے حرمتی کرنے والوں کو عوام نشان عبرت بنائیں،پی ٹی آئی کا شو ختم ہوچکا،  400 لوگوں کو لے جاکر طوفان برپا کرنے کی کوشش کی، عوام اب نعروں کے نام پر خوار نہیں ہوں گے۔ بلوچستان حکومت کا بھی فین نہیں   لیکن وہاں دہشتگردی ختم کرنے کی نیت ہے،  گرفتاریاں ملی بھگت سے ہوئیں،گرفتاری کرانے کیلئے سب خود سامنے آئے۔ پی ٹی آئی اب تتر بتر ہوگئی،شو ختم ہوچکا، معاشی دہشتگردی کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔ گزشتہ 48گھنٹے میں پی ٹی آئی کے 8 لوگ میرے ساتھ تھے، پی ٹی آئی کی کابینہ کے لوگ بھی اسلام آباد میں میرے ساتھ تھے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے سہیل آفریدی کو دھوکا نہیں دیا، پورا سسٹم اب ری بوٹ ہوگا، محافظ شہادتیں دیں اور آپ مزے کرتے رہیں،یہ نہیں ہوگا۔