ریسکیو 1122 کی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے 150 سے زائد افسران کو تربیت

 زیرِ تربیت مرد و خواتین افسران کو سی پی آر، خون روکنے اور فریکچر سنبھالنے کی عملی مشقیں
 لاہور (کرائم رپورٹر) ریسکیو 1122 لاہور کے زیر اہتمام چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب کے 150 سے زائد زیرِ تربیت مرد و خواتین افسران کو زندگی بچانے والی بنیادی مہارتوں کی تربیت  فراہم کی گئی۔ اس سلسلے میں ضلعی ہیڈکوارٹر ریسکیو 1122 لاہور میں تربیتی کلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زیرِ تربیت افسران نے بھرپور شرکت کی۔ ضلعی ایمرجنسی آفیسر رضوان احمد چوہدری نے شرکاء￿  سے خطاب کرتے ہوئے زندگی بچانے والی بنیادی مہارتیں سیکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مصنوعی طریقے سے دل کی دھڑکن اور سانس بحال کرنے کے عمل، یعنی سی پی آر، کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔ تربیتی کلاس میں ایمرجنسی آفیسر عنایت خان بلوچ، محمد اعظم اور دیگر کمیونٹی انسٹرکٹرز نے معاونت کی۔ شرکاء  کو بہتے ہوئے خون کو روکنے، فریکچر کی صورت میں ابتدائی طبی امداد دینے اور سی پی آر کی عملی تربیت فراہم کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر موٹربائیک ایمبولینس کے عملے نے سڑک حادثے کے مریض کو جائے وقوعہ پر طبی امداد فراہم کرنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا، جسے شرکاء￿  نے سراہا۔