شوٹنگ میں دیر سے آنے پر شوہر کی طرف سے ڈانٹ کا سامنا ہوتا تھا:زارا نور عباس

 شوٹنگ میں دیر سے آنے پر شوہر کی طرف سے ڈانٹ کا سامنا ہوتا تھا:زارا نور عباس

پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراموں کی مقبول اداکارہ زارا نور عباس نے محبت اور ذہنی صحت کے موضوعات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سچی محبت اور ذہنی صحت پر ڈرامہ بنانا آج کے دور کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران اکثر تاخیر پر شوہر کی طرف سے ڈانٹ بھی سننی پڑتی ہے۔ زارا کا کہنا ہے کہ ڈرامے صرف سبق آموز نہیں بلکہ ان میں ایکشن اور تفریح بھی شامل ہوتی ہے، کیونکہ اس سے ناظرین کی دلچسپی برقرار رہتی ہے۔اداکارہ نے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف قسم کے کردار ادا کرنا پسند کرتی ہیں، خاص طور پر وہ کردار جن میں کام کرنے کے زیادہ مواقع ہوں۔ ان کا نیا ڈرامہ "دل ڈھونڈتا ہے" محبت اور ڈیمینشیا (دماغی خرابی) کو موضوع بنا کر تیار کیا گیا ہے، جس میں زاہد احمد اور دیگر فنکاروں نے عمدہ اداکاری کی ہے۔ زارا نے وضاحت کی کہ اکثر لوگ چیزیں وقتاً فوقتاً یاد کر لیتے ہیں، جیسے چابیاں کہاں رکھی تھیں، مگر اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ انہیں ڈیمنشیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب کسی کو ڈیمینشیا ہوتا ہے، تو اس کی علامات آہستہ آہستہ بدتر ہوتی جاتی ہیں اور یہ روزمرہ کی زندگی کو مشکل بنا دیتی ہیں۔ زارا نور عباس نے یہ بھی کہا کہ وہ فلموں اور ڈراموں میں مختلف کردار ادا کرتی ہیں اور اگر کوئی اچھی فلم اور کردار ملے، تو وہ ضرور کام کریں گی۔ انہوں نے اپنی زندگی میں شوہر اسد صدیقی کی پروڈکشن کے ساتھ کام کرنے کا کوئی خاص فائدہ نہ ہونے کی بھی وضاحت کی اور کہا کہ شوٹنگ پر دیر سے پہنچنے پر شوہر کی طرف سے ڈانٹ بھی پڑتی تھی، لیکن انہوں نے سب کے ساتھ برابری کا سلوک کیا۔