رشتہ دار پنچایت میں موجود تھے،شوکت کے بیٹے ملک حمزہ کھوکھر اور بھائی ملک اعظم کھوکھر نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی
فائرنگ کی زد میں آکر 44 سالہ ملک اعظم کھوکھر موقع پر جاں بحق، عبدالرحیم کھوکھر شدید زخمی ، شوکت کے ہاتھ پربھی گولی لگی
لاہور(کرائم رپورٹر)ٹائون شپ کے علاقے میں جائیداد کے تنازعہ پر سابق ناظم ملک شوکت علی کھوکھر عرف شوکی چنگڑ کے بیٹے نے فائرنگ کر کے اپنے چچا ملک اعظم کھوکھر کو قتل کردیا جبکہ دونوں گروہوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں شوکی چنگڑ کا 17 سالہ بیٹا بھی شدید زخمی ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹاؤن شپ کے علاقے بی ون 13 بلاک میں جائیداد کے تنازعہ پر مسلم لیگ ن کا سابق ناظم ملک علی شوکت کھوکھر عرف شوکی چنگڑ،اس کے بیٹے ملک حمزہ کھوکھر،ملک عبدالرحیم کھوکھر،چھوٹا بھائی ملک اعظم کھوکھر اور دیگر رشتے دار اپنے پرانے گھر میں منعقد پنچائیت اکھٹے ہوئے تھے۔جہاں جائیداد کے کرائیکی تقسیم کے تنازع پر فریقین میں جھگڑا شدت اختیار کرگیا۔جس پر شوکی چنگڑ کے بیٹے ملک حمزہ کھوکھر اور بھائی ملک اعظم کھوکھر نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کی زد میں آکر 44 سالہ ملک اعظم کھوکھر موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ ملک عبدالرحیم کھوکھر شدید زخمی ہو گیا ہے۔زرائع کے مطابق شوکی چنگڑ کو بھی ہاتھ پر فائر لگا ہے۔زخمی ملک عبدالرحیم کھوکھر کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور ملک اعظم کھوکھر کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔پولیس کے مطابق ملک حمزہ کھوکھر کی فائرنگ کی ذد میں آکر اس کا چچا ملک اعظم کھوکھر ہلاک ہو ا ہے جبکہ ملزم ملک حمزہ کھوکھر موقع سے فرار ہو گیا ہے