ن لیگ پختونخوا میں اپنا وزیراعلیٰ یا گورنر راج چاہتی :شیخ وقاص

 کالعدم ٹی ٹی پی کے لوگ بسانے کی پی ڈی ایم حکومت نے منظوری دی تھی
لانگ ٹرم سٹرٹیجی کو مد نظر رکھتے ہوئے امن کیلئے اقدامات کرنا ہونگے
 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ن لیگ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے سہیل آفریدی کی نامزدگی کو روکنا چاہتی ہے، یہ لوگ اپنا چیف منسٹر یا پھر گورنر راج لگانا چاہتے ہیں، ہمارے خلاف بیانیہ بنایا جارہا کہ پی ٹی آئی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی سرپرستی کرتی ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ کوئی نہ کوئی بہانہ تراش کر تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے بھی خواہشمند ہیں، پی ٹی آئی کے خلاف آئندہ چند دنوں میں سخت کارروائیوں کا خدشہ ہے ،ہمارا کالعدم تحریک طالبان سے کیا تعلق ہو سکتا ؟ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ تحریک انصاف کی کابینہ نے ان لوگوں کو واپس لا کر بسانے کی مخالفت کی تھی،پی ڈی ایم کی پہلی حکومت میں اس کی منظوری ہوئی، نگران دور میں عملدرآمد ہوا، اصل مجرم تو یہ لوگ ہیں ،پنجاب میں کالعدم جماعتوں کی سرپرستی ہمیشہ مسلم لیگ (ن)نے کی۔ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا عمران خان کا مؤقف ہے کہ فوجی آپریشن میں شہریوں کی جان و مال کا نقصان بھی ہو تا ہے ،اس حوالے سے ہم نے کہا امن کو ایک موقع دیں، ٹی ٹی پی سے متعلق افغان حکومت سے بات کریں ، اگر پھر بھی معاملات طے نہیں ہوتے تو معاملے کو پارلیمنٹ کے سامنے رکھیں ،لانگ ٹرم سٹرٹیجی کو مد نظر رکھتے ہوئے امن کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، بلوچستان میں بھی تو مذاکرات کئے جاتے ہیں۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کے حوالے سے ہمارے مرکز سیکوئی پالیسی سامنے نہیں آئی، ٹی ٹی پی بنیادی طور پر افغان حکومت کے شیلٹر میں ہے ،دہشت گردی ختم کرنے کی کوئی ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے ہمارے جوانوں اور سویلینز کی جانوں کو خطرہ لاحق نہ ہو۔