حکومت نے غریب شہریوں سے 3 ماہ میں ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ پیٹرولیم لیوی وصول کرلی

حکومت نے غریب شہریوں سے 3 ماہ میں ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ پیٹرولیم لیوی وصول کرلی

اسلام آباد: شہری پیٹرولیم لیوی کے بڑھتے ہوئے بوجھ کی زد میں آگئے، ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پیٹرولیم لیوی کی ریکارڈ وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کی دستاویزات میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے مطابق جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 381 ارب 82 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 10 ارب 21 کروڑ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال جولائی سے ستمبر کے دوران اس مد میں 371 ارب 61 کروڑ روپے وصول ہوئے تھے۔رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ میں پیٹرولیم لیوی کے علاوہ کاربن لیوی کی مد میں بھی 22 ارب 26 کروڑ روپے الگ سے وصول کیے گئے۔

وزارت خزانہ کی دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال پیٹرولیم اور کلائمٹ سپورٹ لیوی کی مجموعی وصولی کا ہدف تقریباً ایک ہزار 727 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی ریکارڈ ایک ہزار 567 ارب 45 کروڑ روپے رہی تھی، جبکہ کلائمٹ سپورٹ لیوی کی مد میں الگ سے 50 ارب 16 کروڑ روپے وصول کیے گئے تھے۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں ایک ہزار 220 ارب 21 کروڑ روپے وصول کیے گئے، جبکہ مالی سال 2023-24 میں یہ وصولی ایک ہزار 19 ارب روپے رہی تھی۔

اسی طرح مالی سال 2022-23 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 580 ارب روپے وصول کیے گئے تھے۔