سکول ٹرپس کیلئے پیشگی اجازت لینا ہوگی، آئوٹ ڈور سرگرمیوں کے حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ

سموگ :سکولز میں طلبہ کیلئے ماسک لازمی قرار
لاہورمیں بچوں کو زیادہ پانی پینے کی ہدایت ،احتیاطی تدابیر بارے سیمینار ہونگے، سکولوں میں چھٹیوں یا اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا :سی ای او،ٹرپس کیلئے گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کی تصدیق ہوگی ، طالبات کی حفاظت کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کا حکم 
لاہور( خصوصی رپورٹ ) پنجاب میں سکول ٹرپس کیلئے پیشگی اجازت لازمی قرار دیتے ہوئے آئوٹ ڈور سرگرمیوں کے حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہلاہور میں سموگ کی شدت میں اضافے کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے سرکاری اور نجی سکولوں کے لیے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔ سکولوں میں طلبہ کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا ہے جبکہ بچوں کو زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی سعید احمد کے مطابق سکول انتظامیہ بچوں کو زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ہدایت کرے، جبکہ سموگ کے مضر اثرات اور اس سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی سیمینار بھی منعقد کیے جائیں۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی نے تمام سرکاری و نجی سکولوں کو سموگ سے بچائو کے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر سکولوں میں چھٹیوں اور اوقات کار میں تبدیلی کے حوالے سے گردش کرنے والے نوٹیفکیشنز کو بھی جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی سعید احمد کا کہنا ہے کہ سکولوں میں چھٹیوں یا اوقات کار میں تبدیلی کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ والدین اور سکول انتظامیہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھریں۔دوسری طرف پنجاب بھر کے سرکاری ونجی سکولوں میں طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے سکول ٹرپس اور آئوٹ ڈور سرگرمیوں کے حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ ، حالیہ واقعات کے تناظر میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن صاحبزادی وسیمہ عمر کی زیر صدارت اجلاس میں حکام کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکول ٹرپس کیلئے پیشگی اجازت لینا اور اساتذہ کی نگرانی یقینی بنانا لازمی ہوگا۔ طلبہ اور اساتذہ کا مقررہ تناسب برقرار رکھنے کیساتھ ٹرپس پر روانگی سے قبل گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس اوردیگر ضروری دستاویزات کی تصدیق بھی کرنا ہوگی۔ طالبات کی حفاظت کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔