پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش ویمنز ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان کی جانب سے طوبہ حسن نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔تفصیلات کے مطابق ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے میچ میں بنگلہ دیش ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 109 رنز کا ہدف دیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے نگار سلطانہ نے 27 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ شورنا اختر 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔پاکستان کی جانب سے طوبہ حسن نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نشرہ سندھو نے 13 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
109 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف 15.5 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کرلی۔پاکستان کی جانب سے صدف شمس نے 37 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ کپتان منیبہ علی 31 اور عائشہ ظفر 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔