لاہور ہائیکورٹ میں سکیورٹی ہائی الرٹ، اضافی نفری تعینات

 وکلاء اور سائلین کی تفصیلی تلاشی، خواتین کے لیے لیڈی پولیس اہلکار بھی تعینات کردی گئیں
لاہور(کرائم رپورٹر ) لاہور ہائیکورٹ کی حدود میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ یہ اقدام اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے بعد کیا گیا ہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ پولیس اور سکیورٹی اہلکار ہائی الرٹ پر ہیں۔ذرائع کے مطابق ہائیکورٹ آنے والے وکلاء اور سائلین کی تفصیلی تلاشی لی جا رہی ہے۔ جی پی او گیٹ، مسجد گیٹ اور اے جی آفس گیٹ سے داخل ہونے والے تمام افراد کی مکمل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی کے عملے نے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور ایکس رے بیگیج اسکیننگ مشینیں نصب کر رکھی ہیں تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔انتظامیہ کے مطابق صرف لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے اسٹیکر والی گاڑیوں کو عدالت کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے، جبکہ غیر متعلقہ افراد کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہے