چکوال جانے والی بس کو تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا‘پل کا جنگلہ توڑ کر دریا میں جا گری‘زخمی دلہن کو دریا سے نکال لیا گیا
استور (آئی این پی ) گلگت بلتستان کے علاقے استور سے چکوال جانے والی باراتیوں کی بس دریائے سندھ میں جاگری جس کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے‘دلہن کو زخمی حالت میں دریا سے نکال لیا گیا۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق استور سے چکوال جانے والی باراتیوں کی بس تھلیچی پل کے قریب دریا میں جاگری۔ بس میں 23 سے زائد مسافر سوار تھے۔موقع پر موجود پولیس افسر کے مطابق گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہونے کے بعد پْل پر لگا جنگلا توڑ کر گہرائی میں پتھر سے ٹکرا کر دریا میں ڈوب گئی، ڈپٹی کمشنر استور نے بتایا واقعہ ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار اور سوگواران سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔