سردیوں میں طلب تین گنا بڑھ جاتی ہے، کوشش ہے کھانے کے اوقات میں پریشر بہتر رہے:ایم ڈی
پاور سیکٹر کی خریداری بند ہونے کے بعدحکومت کا درآمدی ایل این جی گھریلو صارفین کو دینے کا فیصلہ
لاہور(آئی این پی‘اسلام آباد )سردی کا آغاز ہوتے ہی لاہور کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر مزید کم ہوگیا ہے جس کے باعث گھریلو صارفین مشکلات کا شکار ہوگئے۔لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، اندرون شہر، مسلم ٹائون، گارڈن ٹائون، گرین ٹائون اور صحافی کالونی سمیت دیگر علاقوں کے صارفین گیس کی قلت سے شدید مشکلات کا شکارہیں۔ایم ڈی سوئی ناردرن گیس کمپنی عامر طفیل کا کہنا ہے سردیوں میں گیس کی طلب تین گنا بڑھ جاتی ہے، کوشش ہوتی ہے کہ کھانے کے اوقات میں گیس پریشر بہتر رہے۔گھریلو صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں گیس سِرے سے نہیں مل رہی، جن علاقوں میں گیس آ رہی ہے وہاں کم پریشرکا مسئلہ درپیش ہے اور لوگ مہنگی ایل پی جی اور لکڑیاں استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔دریں اثناء وفاقی حکومت نے بجلی کی کھپت میں کمی کے باعث پاور سیکٹر کی جانب سے درآمدی ایل این جی کی خریداری روکنے کے بعد گیس گھریلو صارفین کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزارت پیٹرولیم کی دستاویزات کے مطابق گھریلو صارفین کو ایل این جی فراہم کرنے کے لیے 163 ارب روپے درکار ہوں گے، گردشی قرض کو روکنے کے لئے گیس ٹیرف میں اضافہ کیا جائے گا اور درآمدی ایل این جی اور مقامی گیس کے ٹیرف میں فرق بھی ختم کیا جائے گا