پنجاب میں خواتین کے خلاف تشدد کے تشویشناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، جس کے مطابق گزشتہ 4 ماہ کے دوران ویمن پروٹیکشن ہیلپ لائن 1737 پر مجموعی طور پر 3329 کالز موصول ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق ان کالز میں سے 1904 خواتین نے براہِ راست مدد اور تحفظ کے لیے رابطہ کیا۔ اعداد و شمار کے مطابق نفسیاتی تشدد سب سے بڑا مسئلہ رہا، جہاں 573 خواتین نے ذہنی دباؤ اور نفسیاتی ہراسانی کی شکایات درج کرائیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ 494 خواتین جسمانی تشدد جبکہ 328 خواتین معاشی استحصال کا شکار رہیں۔ اسی طرح 190 خواتین نے جنسی تشدد سے متعلق مدد طلب کی۔حکام کے مطابق متاثرہ خواتین کو قانونی معاونت، تحفظ اور کونسلنگ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں فوری ریلیف اور مدد دی جا سکے۔