سعادت سینیٹ کے آفیشل قاری تمغہ امتیاز حاصل کرنیوالے ڈاکٹر اکرام اللہ محسن کے حصے میں آئی
اسلام آباد(بیورو رپورٹ) ایوانِ بالا کی پارلیمانی تاریخ میں نئی اور روح پرور روایت کا آغاز ہوگیا۔ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے چند روز قبل منظور کی جانے والی قرارداد پر عملدرآمد کرتے ہوئے تلاوتِ قرآنِ پاک کے بعد پہلی مرتبہ نعت رسولِ مقبول پیش کی گئی۔یہ تاریخی سعادت پاکستان سینیٹ کے آفیشل قاری، صدارتی اعزاز ‘‘تمغہ امتیاز’’ یافتہ، ڈاکٹر قاری اکرام اللہ محسن کے حصے میں آئی، جنہوں نے سینیٹ اجلاس میں بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ سینیٹرز اور شرکاء نے اس اقدام کو انتہائی خوش آئند قرار دیا۔ پارلیمانی حلقوں کے مطابق یہ اقدام اسلامی روایات کے فروغ اور ایوان کے تقدس میں مزید اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر قاری اکرام اللہ محسن اس سے قبل بھی متعدد قومی و بین الاقوامی تقریبات، وزیرِ اعظم پاکستان کے خطابات اور سرکاری ریاستی پروگرامز میں تلاوتِ قرآنِ پاک کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ انہیں 2023 میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے دینی و قومی خدمات کے اعتراف میں ‘‘تمغہ امتیاز’’ سے بھی نوازا گیا تھا