منشیات فروش گروہ کی مبینہ سرغنہ پِنکی بغیر ہتھکڑی عدالت پیش

 ملزمہ کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے:پولیس، عدالت کا جیل بھیجنے کا حکم
 بغیر ہتھکڑی پیشی کی ویڈیو وائرل، ایڈیشنل آئی جی کا نوٹس ، رپورٹ طلب کر لی
کراچی(خصوصی رپورٹ)کراچی پولیس نیمنشیات فروشی کے بین الصوبائی نیٹ ورک کی مبینہ اہم سرغنہ انمول عرف پنکی کوبغیر ہتھکڑی عدالت پیش کردیا،عدالت نے پولیس کی 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا،فیصلے کے بعد ملزمہ کو مزید کارروائی تک جیل منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ گارڈن ٹا ئون پولیس نے گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ملزمہ انمول عرف پنکی کوبغیر ہتھکڑی کے پیش کر دیا۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے قبضے سے بر آمد منشیات کی مجموعی مالیت لاکھوں روپے سے زائد ہے،بر آمد شدہ مواد ابتدائی طور پر منشیات کے کاروبار میں استعمال ہونے والا سامان معلوم ہوتا ہے ، ملزمہ کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاہم عدالت نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈپر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔ دوسری طرف ملزمہ کو عدالت پیش کیا گیا تو وہاں موجود افراد کی توجہ اس بات نے حاصل کی کہ انمول عرف پنکی کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں لایا گیااور اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور بعض صارفین نے بغیر ہتھکڑی پیشی پر سوالات اٹھادیئے اورمعاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا جس پر ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سا ئوتھ سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور باضابطہ انکوائری کا حکم دے دیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ قانون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ سندھ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ جدید اور منظم انداز میں آن لائن منشیات سپلائی نیٹ ورک چلا رہی تھی ، گرفتاری سے بچنے کیلئے خواتین رائیڈرز کو بھی نیٹ ورک کا حصہ بنایا گیا تھا ، مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ منشیات فروش پنکی پر اربوں روپے کی کوکین پاکستان بھر میں بیچنے کا الزام ہے ۔