پاکستان کا بہترین تشخص سیاست کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے: شجاعت

 ماضی کی طرح کردار ادا کرنے کو تیار ہوں :رہنمائوں سے گفتگو،نصیر مینگل سے رابطہ 
لاہور،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) مسلم لیگ(ق)کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہاہے کہ سفارتی محاذ پر کامیابی بہت بڑا چیلنج تھا، جسے سپہ سالار اور حکومت نے مل کر عبور کیا ،ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دیں، عسکری و سیاسی قیادت نے مل کر اپنی مثبت شناخت کا مرحلہ جیت لیا، پاکستان کا جو بہترین تشخص ابھرا ہے اسے ذاتی مفادات اور سیاست کے بھینٹ نہ چڑھایا جائے، سب کو ریاست کے مفادات کا تحفظ کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ق لیگ کے سینئر نائب صدر چودھری سالک حسین،صوبائی جنرل سیکرٹری چودھری شافع حسین، چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان،مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفی ملک ، رضوان صادق، مہرین ملک ،ڈاکٹر رحیم اعوان،انیلہ چودھری، چودھری جہانگیر ،تلبیہ بخاری، عاطف مغل،یاسر عرفات ودیگر رہنمائوں سے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع رہنمائوں نے پارٹی سیکرٹری جنرل طارق حسن کو وزیراعلیٰ سندھ کا معاون خصوصی مقرر ہونے پر قیادت کو مبارکباد پیش کی، شجاعت حسین نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر نصیر مینگل سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ، انہوں نے کہا بلوچستان اور پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں ، بلوچستان کے مسائل پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے ، قومی قیادت مسائل کا حل ڈھونڈے ، بلوچستان میں دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہونی چاہئے ، بھارت بلوچستان میں نفرت پھیلا رہا اور دہشت گردی میں ملوث ہے۔ ماضی کی طرح بلوچستان میں قیام امن اور اسکی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔