پاکستان کے گلوکار، موسیقار اور اداکار عمیر جیسوال ایک بار پھر خبروں میں ہیں، جہاں انہوں نے بالواسطہ طور پر اپنی سابقہ اہلیہ ثنا جاوید کی جانب سے دھوکے کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے۔
عمیر جیسوال پاکستان کی میوزک انڈسٹری کے معروف فنکار ہیں، جو اپنی منفرد آواز اور ورسٹائل صلاحیتوں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے ٹی وی اور میوزک پلیٹ فارمز پر کئی یادگار پرفارمنسز دی ہیں، جن میں کوک سٹوڈیو کے گانے ‘چرخہ نو لکھا’ اور ‘سمی میری وار’ خاص طور پر مقبول ہوئے۔ موسیقی کے ساتھ ساتھ عمیر جیسوال نے اداکاری میں بھی اپنا لوہا منوایا اور فلمیں ‘مور محل’ اور ‘یلغار’ سمیت دیگر پروجیکٹس میں نظر آئے۔سال 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران عمیر جیسوال اور اداکارہ ثنا جاوید نے سادگی سے شادی کی تھی اور کئی عوامی مواقع پر ایک ساتھ نظر آئے۔ تاہم، جنوری 2024 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور ثنا جاوید نے شادی کا اعلان کیا، جس نے مداحوں کو چونکا دیا کیونکہ اس وقت دونوں اپنے اپنے شریکِ حیات کے ساتھ شادی شدہ تھے۔
اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں کو بے وفائی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔حال ہی میں عمیر جیسوال نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک معنی خیز پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے بے وفائی کے حوالے سے کہا: "اگر کوئی شخص اپنے شریکِ حیات کے ساتھ دھوکا کرتا ہے تو ایسے لوگوں کو زندگی میں جگہ نہیں دینی چاہیے۔" انہوں نے زور دیا کہ معاشرے میں ایسے رویوں کو معمول بنانے کے بجائے ان کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔مداحوں نے اس پوسٹ کو عمیر جیسوال کے ذاتی تجربے سے جوڑتے ہوئے ان کے مؤقف کی حمایت کی اور کہا کہ بے وفائی ایک ناقابلِ قبول عمل ہے جس کی معاشرے میں واضح مذمت ہونی چاہیے۔